بھٹکل 4/ ستمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور پولس تھانہ حدود میں گنیش فیسٹول میں ڈی جے سسٹم کی نصب کاری اور حساب کتاب کو لے کر دو گروپوں میں زبردست ہاتھاپائی ہوئی ، جس کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعہ مرڈیشور کے بیلور میں اتوار کی شب کو پیش آیا۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں دونوں گروپوں کی طرف سے معاملہ درج ہوا ہے جس میں ایک گروپ نے پولس تھانہ میں شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ اس ہاتھاپائی میں اُن کے چھ لوگ زخمی ہوئے ہیں، جن کیمخالف گروپ کے 15 لوگوں نے حملہ کرتے ہوئےبری طرح دُھنائی کی ہے۔اُسی طرح مخالف گروپ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ 16 لوگوں نے اُن پر حملہ کیا ہے جس میں ان کے گروپ کے چار لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
پہلی شکایت میں جن چھ لوگوں کے زخمی ہونے کی بات کی گئی ہے، اُن کی شناخت ناگما وینکٹ رمن نائک، بھرت وینکٹ رمن نائک، آنند نائک، مادھوی مہابلیشور نائک، گنیش مہابلیشور نائک اور رادھا ماستپا نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے، ناگما نائک نے مرڈیشور پولس کو دی گئی شکایت میں ماستپا منجپا نائک، یوگیش نائک، ناگراج نائک، چندراس نائک، رمیش نائک، ناگیش نائک سمیت جملہ 15 لوگوں کے نام درج کرائے ہیں، جنہوں نے ان کے لوگوں پر حملہ کیا۔ جبکہ ان کی مخالفت میں دوسرے گروپ نے پولس تھانہ کو دی گئی شکایت میں بتایا ہے کہ آنند نائک، لوکیش نائک، بھرت نائک، منجوناتھ نائک، گنپتی نائک سمیت جملہ 16 لوگوں نے ان کے لوگوں پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں چار لوگوں کو بری طرح چوٹیں آئی ہیں۔ ان چار لوگوں کی شناخت ناگراج مادھو نائک، گنیش نائک، یوگیش نائک اور چندراس نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
مرڈیشور پولس نے دونوں طرف سے شکایت درج کی ہے اور معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔